سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایک شخص اداروں کو بدنام کرنے کی حد عبور کر چکا ہے جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے۔ اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش نے ایک شخص کا حقیقی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ بس بہت ہوچکا غیر ملکی ایجنٹ کی گذشتہ روز کی تقریر سننے کے بعد کوئی محب وطن اس کی پیروی کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ایک شخص میرے آباﺅ اجداد، میرے بچوں اور میرے ملک کو تباہ کرنے کے درپہ ہے۔ اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ سابق صدر نے کہا کہ یہ وہ ملک ہے جہاں ہم سب نے دفن ہونا ہے۔ ہم ایک شخص کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہماری اقدار اور ہمارے ملک کے ساتھ کھلواڑ کرے۔ انہوں نے کہا کہ میجر جنرل فیصل سمیت پاک آرمی کے بہادر اور مایہ ناز افسران پر الزامات دراصل اس ادارے پر حملہ ہے جس کے ساتھ پورا پاکستان کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص جھوٹ اور دھوکے سے اپنے معصوم کارکنوں کو بےوقوف بنا رہا ہے۔ میں اس شخص کا زوال دیکھ رہا ہوں۔