چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 14 مئی پاکستان اور جمہوریت کیلئے تاریخ ساز دن ہے آج کے دن عوام کی مقبول سیاسی قائد محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور پاکستان مسلم لیگ کے قائد میان نواز شریف نے میثاق جمہوریت کے دستاویز پر دستخط کیئے تھے۔ اپنے پیغام میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا میثاق جمہوریت پر ثابت قدمی سے عمل کرنے سے ملک کے وقار میں اضافہ ہوگا اور جمہوریت مضبوط ہوگی ، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کہ صدر آصف علی زرداری نے میثاق جمہوریت پر عمل کرتے ہوئے 18 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے صدر کو حاصل تمام اختیارات پارلیمان کے حوالے کیئے تھے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم وفاق اور تمام اکائیوں کے درمیان ایک میثاق ہے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آج پارلیمان پر حملے ہو رہے ہیں اور اس کے اختیارات کو چیلنج کیا جا رہا ہے اور نیا آئین لکھا جا رہا ہے جو پاکستان پیپلزپارٹی کو کسی صورت میں منظور نہیں ہے ، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئین سازی کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو حاصل ہے۔ ریاست کے باقی اداروں کا فرض ہے کہ وہ پارلیمان کے منظور کیئے ہوئے قانون پر عمل کریں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج اس بات کی ضرورت ہے کہ میثاق جمہوریت کے جن نکات پر پر عمل نہیں ہوا ان نکات پر عمل کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی عظیم قربانیوں کی وجہ سے 1973 کا آئین اصل صورت میں بحال ہوا جو جمہوریت سے نفرت کرنے والوں کی شکست تھی ۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور جمہوریت کی بحالی کی عظیم جدوجہد کی وجہ سے گڑھی خدا بخش بھٹو کا قبرستان شہیدوں سے آباد ہوا جہاں سے شہیدوں کے خون کی سرخی لیکر جمہوریت کا سورج طلوع ہوتا ہے ، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ حوصلہ افزا بات ہے کہ آج اراکین پارلیمنٹ اور جمہوریت پسند سیاسی پارٹیاں با اختیار پارلیمنٹ کے اصول پر ایک صفحہ پر متحد ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر سختی اور ثابت قدمی پر عمل کرنے سے غیر جمہوری سوچ کو شکست دینی ہوگی، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی سپریم ہے سب کو اس کے سامنے سر تسلیم خم کرنا پڑے گا۔