سینٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیرمین سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت وفاقی بجٹ پر سفارشات مرتب کرنے کے حوالے سے آ ج دوسرے روز بھی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے دیگر اراکین سمیت ایف بی آر ، آئی ٹی ، پیٹرولیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس میں نقد ادائیگیوں کے بجائے کارڈ اور آن لائن ادائیگی کی تجویزپراجلاس کے شرکاءنے اتفاق کیا۔ اجلاس کے شرکاءنے رائے دی کہ تجویز کو عملی جامعہ پہنانے کے لیے جامع منصوبہ تشکیل دیا جائے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ تجویز پر عمل سے پاکستان کے مالیاتی اور ٹیکسز کے نظام میں انقلاب آجائے گا اور ٹیکس چوروں اور نادھندگان کو گرفت میں لانا آسان ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے نان فائلر کا تصور ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علاوہ دنیا میں کہیں بھی نان فائلر کی اصلاح نہیں پائی جاتی۔اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس نے ایک بار پھر موٹرسائیکل سواروں کو کم قیمت پر پیٹرول فروخت کرنے کی تجویز دی اور اس تجویز پر متعلقہ محکموں سے مشاورت کرنے پر زوردیا گیا۔