چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزرات خارجہ میں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے امریکہ کی جانب سے جنیوا کانفرنس میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے اضافی 100 ملین ڈالر کے اعلان کو سراہا۔ ملاقات کے دوران پاکستانیوں کے لیے ویزہ انٹرویو سے متعلق سہولیات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ویزہ سہولیات سے متعلق امریکی وزیر خارجہ سے تفصیلی بات چیت بھی ہوئی ۔اس اقدام سے نہ صرف ویزہ لینے کا عمل تیز ہوگا بلکہ عوامی رابطہ بڑھے گا۔ امریکی سفیر نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پاکستانی عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے بھی الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے برطانیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے 90 لاکھ پاونڈ کی اضافی مدد کے اعلان پر شکریہ ادا کیا۔ دوران ملاقات وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی کے اقدامات کو سراہا اور وزیر خارجہ نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر کے لیے نیک خواہشات کا اظہاربھی کیا۔