سابق صدر پاکستان اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے خواتین کے قومی دن پر ان خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے ضیاء آمریت کے دور میں آئین اور جمہوریت کے لئے بھرپورآواز بلند کی۔ مادر جمہوریت بیگم نصر بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا کردار خواتین کے لئے مشعل راہ ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے طاقتور آمروں کو جمہوری جدوجہد سے شکست دی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی خواتین کی رہنماؤں اور خواتین کارکنوں نے جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد میں شاہی قلعے میں قید برداشت کی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے تمام شعبوں میں خواتین کی حصہ داری کو یقینی بنایا۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے خواتین کو ریاست کے ثمرات میں حصہ دار بنایا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ باوقار اور مہذب معاشرے کے لئے ضروری ہے کہ خواتین کو برابری کے حقوق میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو کمتر اور کمزور سمجھنے والی سوچ کو شکست دینا ہوگی۔ پاکستان پیپلزپارٹی خواتین کو باوقار مقام دلوانے کی جدوجہد جاری رکھے گی جس کی وہ حقدار ہیں۔