وزیر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نالائق اور سلیکٹڈ سابق وزیراعظم عمران خان کے احمقانہ رویوں کی وجہ سے پاکستان دنیا میں اکیلا کھڑا تھا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی انتھک محنت کی وجہ سے دنیا کے کئی ممالک پاکستان کے دوست بن گئے اور پاکستان کی ساکھ بحال ہوئی۔ میڈیا آفس اسلام آباد سے جاری کئے گئے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے واحد وزیراعظم تھے جو سفارتی استثناءکی پناہ میں امریکہ جاتے تھے۔ عمران خان کی حکومت کے دوران ان کے مالی سہولت کار منی لانڈرنگ کرنے پر لندن میں گرفتار ہوئے جس کے بعد عمران خان نے اپنی گرفتاری کے ڈر سے برطانیہ جانا بھی چھوڑ دیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دنیا نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے امداد کا اعلان کیا تو عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو بھکاری کہا حالانکہ عمران خان خود دنیا بھر میں اپنے ذاتی ٹرسٹ کے لئے بھیک مانگتے رہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دنیا کے ان ممالک نے سیلاب متاثرین کی بڑھ چڑھ کر امداد کی ہے جن سے عمران خان نے تعلقات بگاڑ دئیے تھے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ دنیا وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو عالمی لیڈر کی نظر سے دیکھتی ہے۔ ان پر اعتبار کر رہی ہے جس کا فائدہ پاکستان کو ہو رہا ہے۔ یہ بات عمران خان کے کلیجے میں تیر کی طرح چبھ رہی ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کی خواہش تھی کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے مگر ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عالمی ساکھ برقرار ہونے کے بعد پاکستان نے ایک نئے سفر کا آغاز کیا ہے۔ |