نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے الیکشن آفس اور ظہوربلیدی کے گھر پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ بلوچستان میں آج دو افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ کوئٹہ سریاب روڈ پر پیپلز پارٹی انتخابی دفتر پردستی بم سے حملہ کیا گیا جس میں پانج افراد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب کیچ میں پیپلزپارٹی کے امیدوار ظہوربلیدی کے گھر پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے الیکشن آفس اور ظہوربلیدی کے گھر پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی پر مسلسل حملے تشویشناک ہیں، الیکشن کمیشن ان واقعات کا سختی سے نوٹس لے اور نگراں حکومت بلوچستان ان واقعات کی تحقیقات کرکے ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دے۔ شیری رحمان نے کہا کہ ہار کے ڈر اور بوکھلاہٹ میں ہمارے انتخابی دفتر اور امیدواروں پر حملے کئے جا رہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی کو جیت سے کوئی نہیں روک سکتا۔