وزیر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق کے بعد پنجاب سے عمران خان کا صفایا ہوگیا امید ہے کہ خیبرپختونخوابھی نالائق حکومت سے پاک ہوگا۔ اسلام آباد میں اخبارنویسوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب گذشتہ چار سال سے گوگی لوٹ مار کا میدان بنا ہوا تھا جبکہ کے پی کے وسائل گذشتہ نو سال سے لوٹے جا رہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیاں مقدس ایوان ہوتے ہیں ان مقدس ایوانوںکو عمران اینڈ کمپنی کی موجودگی منظور نہیں تھی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کے پی کی طرح پنجاب میں بھی عوام کے ووٹ چوری کرکے حکومتیں بنائی گئی تھی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان جس طرح قومی اسمبلی چھوڑ کر بھاگے تھے اسی طرح اب پنجاب سے بھی بھاگ گئے ہیں۔ ممکن ہے کہ اتوار تک کے پی بھی پی ٹی آئی کی حکومت سے پاک ہو جائے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوام نے نیازی لشکر کو حکومتوں سے بھگایا اب انتخابات کے میدان سے بھی بھگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے عوام ووٹ کے ذریعے عمران خان سخت احتساب کریں گے اور پھر پنجاب اور کے پی کے عوام کی لوٹی ہوئی دولت واپس لی جائے گی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گذشتہ نو سال کے دوران عمران خان نے جو جناتی انداز میں معاشی ترقی کی ہے اس کا حساب ہوگا۔