اسلام آباد(20 دسمبر2022)
پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل سیدنیئر حسین بخاری نے بھارتی انتہاپسند تنظیم بی جے پی کی طرف سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے سر کی قیمت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حرکت نے بھارت کو مجرموں کے کٹہڑے میں کھڑا کر دیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی بی جے پی کے خلاف عالمی انصاف کی عدالت سے رجوع کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی والدہ محترمہ بینظیر بھٹو نے عالمی دہشتگردوں کی مذاحمت کی تھی۔ بی جے پی کے لیڈر کی طرف سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے سر کی قیمت رکھنے کی غلیظ حرکت نے ثابت کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نہ صرف شدت پسند بلکہ دہشتگرد تنظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا مودی متعلق بیانیہ سچ ثابت ہو چکا ہے کہ مودی بھارتی گجرات کے قصاب ہیں جنہوں نے مسلمانوں کا قتل عام کروایا تھا۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی ترجمان اور وفاقی وزیر شازیہ مری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بی جے پی کے عہدیدار کی طرف سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو دھمکی انتہائی شرانگیز عمل ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے سر کی قیمت مقرر کرنے سے بی جے پی کی انتہا پسندی مزید بے نقاب ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی آرایس ایس کی شدت پسند اور نفرت انگیز سوچ کی علمبردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اگر مودی کو قصاب نہ کہتے تو اور کیا کہتے؟ کیونکہ یہ حقیقت ہے کہ گجرات میں مسلمانوں کے بے رحمی سے قتل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہوچکا ہے کہ مودی جنوبی ایشیا کے امن کے لئے بڑا خطرہ ہے۔