پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات و ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کردیا ہے،پیپلز پارٹی ہر حالات میں وقت پر الیکشن کا انعقاد چاہتی ہے، پی ٹی آئی اور ن لیگ الیکشن سے کیوں بھاگنا چاہتی ہیں،ہم الیکشن ملتوی ہونے کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، پاکستان اس وقت کسی لاڈلے یا سیلیکٹڈ کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہماری سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ انہوں نے جو الیکشن کے بارے میں شیڈول جاری کرنا تھا وہ جلد سے جلد کریں، یہ کام الیکشن کمیشن کا بنتا ہے کہ وہ اس چیز پر نظر ثانی کریں، پاکستان مسلم لیگ ن خود کو بہت بڑی جماعت سمجھتی ہے لیکن درحقیقت وہ الیکشن سے بھاگ رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی کی پلوشہ عباسی کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ملائکہ رضا ،پلوشہ عباسی اور نذیر ڈھوکی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی دوبارہ مطالبہ کرتی ہے کہ ان دہشتگردوں کو آزاد کرنے والوں کیخلاف انکوائری کرائی جائے،آج ہمارے ملک میں جو بدامنی ا پھیل رہی ہے جس میں بہت سے لوگ اور ہمارے جوان شہید ہو رہیں ہیں اسکا قصور وار وہی لوگ ہیں جنہوں نے ان لوگوں کو یہاں یہ کہ کر بسنے دیا کہ یہ پرامن لوگ ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں امن کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔اس وقت ہمارا کسان اور زمیندار تباہ ہو رہا ہے زراعت سے وابستہ یوریا کھاد مہنگی کردی گئی ہے، میری گزارش ہے کہ ان ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے ہی دہشتگردی کی مذمت کرتی آئی ہے اور نئے رونما ہونے والے واقعات کی بھی مذمت کرتی ہے،پاکستان پیپلز پارٹی اور عوام سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،پاکستان پیپلز پارٹی نے اور لیڈر شپ اور عہدے داروں نے قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے کل کے فیصلے پر یہ پریس کانفرنس کرنا پڑگئی ہے ،الیکشن کمیشن نے 16 فروری کو الیکشن شیڈول کا اعلان کرنا تھا،لاہور ہائیکورٹ نے آ راوز اور ڈی آر اوز کیلئے بیوروکریسی کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے،کیا خلائی مخلوق یہ کردار ادا کرے گی؟کیا الیکشن کمیشن کا کردار بھی سپریم کورٹ کو ادا کرنا پڑیگا؟ یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی ایک پیج پر ہیں،خیبرپختونخوا میں پرویز خٹک کے کہنے پر ٹرانسفر اور پوسٹنگ ہوئی ہیں جبکہ باقی صوبوں میں ن لیگ کے کہنے پر ہوئی ہیں،جیسے بھی حالات ہوں لیونگ پلیئنگ فیلڈ ہو یا نہ ہو پیپلز پارٹی الیکشن چاہتی ہے اور وقت پر الیکشن چاہتی ہے، یہ دونوں پارٹیاں الیکشن سے کیوں بھاگنا چاہتی ہیں ،رات کے اندھیرے میں اگر آرڈیننس جاری ہوسکتا ہے تو الیکشن کا شیڈول جاری کیوں نہیں ہوسکتا ،پی ٹی آئی ن لیگ آئے ملکر بیٹھتے ہیں عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔پاکستان اس وقت کسی لاڈلے یا سیلیکٹڈ کا متحمل نہیں ہو سکتا،فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہماری سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ انہوں نے جو الیکشن کے بارے میں شیڈول جاری کرنا تھا وہ جلد سے جلد کریں، یہ کام الیکشن کمیشن کا بنتا ہے کہ وہ اس چیز پر نظر ثانی کریں، پاکستان مسلم لیگ ن خود کو بہت بڑی جماعت سمجھتی ہے لیکن درحقیقت وہ الیکشن سے بھاگ رہی ہے، الیکشن کی تاخیر کے لئے کئی قسم کے بہانے بنائے جا رہے ہیں، اس سے پہلے سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ جوڈیشری سے آروز نہیں لیں گے، اب لاہور ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ بیوروکریسی سے آروز ڈی آروز نہیں لیں گے، پی ٹی آئی اور ن لیگ دونوں الیکشن ملتوی کرانے کے لئے ایک پیج پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ 18 دسمبرکو بلاول بھٹو زرداری لاہورہائی کورٹ بار سے خطاب کرینگے جبکہ آصف علی زرداری بلوچستان جارہے ہیں۔ہم نے اپنی پولیٹکل سرگرمیاں شروع کر دی ہیں تب تک ہمیں امید ہے کہ شیڈول بھی آجائے گا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پلوشہ عباسی جو پاکستان تحریک انصاف کی ڈپٹی سیکرٹری وومن ونگ تھیں،کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔