پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے ایٹمی تجربات کی سلور جوبلی کے موقعے پر قوم کو مبارک باد پیش کی ہے اور پاکستان کو اسلامی دنیا کا پہلا جوہری ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے والے تمام پاکستانیوں بشمول سائنس دانوں کو سلام پیش کیا ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک کا جوہری پروگرام پاکستانی قوم کے لیئے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا بیشک ایک عظیم تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ ہم گھاس کھا کر بھی گذارا کرلیں گے، لیکن پاکستان کو ایٹمی قوت بناکر رہیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بطور وزیراعظم ملک کے جوہری پروگرام کی حفاظت کی اور آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ 1998ء میں بھارت نے ایٹمی دہماکے کیے، تو شہید محترمہ بینظیر بھٹو بطور اپوزیشن لیڈر ڈٹ کر کھڑی ہوگئیں اور مطالبہ کیا تھا کہ حکومت بھی فوراً ایٹمی دہماکے کرے اور انہوں نے اس معاملے پر اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی میاں نواز شریف حکومت کو مکمل حمایت کی تھی۔ پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ جوہری پروگرام کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی اپنے شہید قائدین، بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور چیئرپرسن شہید محترمہ بینظیر بھٹو، کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان کم از کم قابل اعتماد دفاعی صلاحیت کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور پاکستان کا جوہری پروگرام خطے میں امن و استحکام کے لیے ہے۔