سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری نے الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابات کا شیڈیول جاری ہونے کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کے تمام تنظیموں کو ہدایات جاری کی ہیں۔ ہدایات جاری کرتے ہوئے سید نیر حسین بخاری نے پارٹی کے عہدداروں اور کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ اپنا اپنا محاذ سنبھال لیں۔ پیپلزپارٹی کے لائرز فورم کے عہدیدار پارٹی کے ٹکٹ یافتہ امیدواروں کی قانونی رہنمائی کریں۔ پارٹی کے عہدیدار اور کارکن چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے سفیر بن کر انتخا بی مہم شروع کر دیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی غربت، بیروزگاری اور مہنگائی سے جنگ ہے۔ سید نیر حسین بخاری نے خواتین عہدیداروں اور کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ گھر گھر جا کر خواتین کو پارٹی منشور سے آگاہ کریں جبکہ پی ایس ایف کے عہدیدار اور کارکن طالب علموں تک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام پہنچائیں۔سید نیر حسین بخاری نے پیپلزیوتھ آرگنائزیشن کے عہدیداروں اور کارکنوںکو ہدایت کی ہے کہ وہ نوجوانوں کو چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کے بیانیے سے آگاہ کریں۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل نے پیپلزلیبر فورم کے عہدیداران اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مزدوروں کو پارٹی پروگرام سے آگاہ کریں۔ کہ پاکستان پیپلزپارٹی مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرتی رہی ہے اور سرکاری صنعتوں کی نجکاری کے خلاف وہ اقتدار میں آکر مزدوروںکی منصفانہ اجرت کو یقینی بنائے گی۔