پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ماحولیات کے تحفظ کے عالمی دن کے موسقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل اداروں، تنظیموں اور افراد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ نیا کو ماحولیاتی بحران کا سامنا ہے، ماحولیات کا تحفظ اور موسمی تبدیلیوں سے نمٹنا بڑے چیلنجز ہیں۔ پاکستان ان ممالک میں سرفہرست ہے، جو دنیا میں ماحولیاتی عدم توازن کی وجہ سے پیدا صورتحال کا شکار ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں نے بطور وزیرِ خارجہ عالمی برادری کے آگے پاکستان کا ماحولیاتی مقدمہ پیش کیا اور دنیا کو بتایا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی عدم انصاف کا دوہرا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب، خشک سالی اور سخت موسم کی شکل میں پاکستان مسلسل موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے۔ پاکستان کو ماحولیاتی انصاف ملنا چاہیے، دنیا اپنے وعدے پورے کرے۔ انہوں نے کہا کہ لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کی تیزی سے فعالیت و وسعت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ موسمی اثرات سے نمٹنے اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے اقدامات پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 2022ء میں آنے والے قیامت خیز سیلاب کے متاثرین کے لیے گھر تعمیر کرنے اور ان کے گذرمعاش کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے 20 لاکھ سیلاب متاثرین کے لیے موسمیاتی اثرات سے محفوظ گھروں کی تعمیر دنیا کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا یہ یقین محکم ہے کہ ماحولیات کو نقصان پہنچانے والی ترقی، ترقی نہیں بلکہ تنزلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ ہر ملک، ہر جماعت، ہر ادارے اور ہر فرد کی ذمیداری ہے۔