وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلزپارٹی خیبر پختونخوا کے نائب صدر ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ گذشتہ نو سال سے خیبرپختونخوا کے عوام کا پیسہ چوری کرکے بنی گالہ منتقل کیا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کو 927ارب کا مقروض کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی لوٹ مار سے توجہ ہٹانے کے لئے صدر آصف علی زرداری پر منگھڑت، بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ساجد حسین طوری نے کہاکہ پی ٹی آئی نو سال سے کے پی پر قابض ہونے کے باوجود نہ کوئی یونیورسٹی تعمیر کرا سکی اور نہ بڑے ہسپتال۔ آج ہسپتالوں کی یہ حالت ہے کہ وہاں پر ادویات تک دستیاب نہیں ہیں۔ ساجد حسین طوری نے کہا کہ کے پی کے عوام جگر، گردوں اور دل کے امراض کے مفت علاج کے لئے سندھ جا رہے ہیں جہاں ان کا مفت علاج ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک سے تو دشمن جیسا سلوک کیا ہے مگر ایک نسل کو گمراہ کرکے ان کی زبانیں بگاڑ دی ہیں۔