) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر پاکستانی قوم سمیت مسلم امہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحی قربانی اور ایثار کی گہری اقدار کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی اتحاد کے پائیدار جذبے اور بھائی چارے کے بندھن کا تہوار ہے جو ہم سب کو آپس میں جوڑتا ہے۔ یہ مقدس دن ہمیں ہمدردی کو اپنانے اور اپنے درمیان محروم، بے گھر اور مستحق افراد کی طرف ہاتھ بڑھانے کی دعوت دیتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس مشکل وقت میں جب ہمارا معاشرہ پولرائزیشن، تقسیم اور انتہا پسندی کی مصیبتوں سے نبرد آزما ہے، عید الاضحیٰ ہماری مشترکہ انسانیت کی یاد دہانی کا کام کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عید الاضحیٰ ہمیں اختلافات سے بالاتر ہو کر یکجہتی کے جذبے کے ساتھ اکٹھے ہونے کی ترغیب بھی دیتی ہے تاکہ سب کے لئے زیادہ ہم آہنگ اور منصفانہ دنیا تشکیل دی جاسکے۔ انہوں نے ہر ایک پر زور دیا کہ وہ اس مبارک دن کے جوہر سے مستفید ہو کر ہمدردی اور اتحاد کے اصولوں پر کاربند رہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ عید الاضحی کا جذبہ ہمارے دلوں کو منور کرے اور ہمیں ایک ایسے مستقبل کی تعمیر کی طرف رہنمائی کرے جہاں امن اور بھائی چارے کا بول بالا ہو۔