رہنما پاکستان پیپلزپارٹی سینیٹر پلوشہ خان نے پی ٹی آئی کے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹوں کے کنبے کا منشور ہی عوام کو گمراہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی بطور وزیر خارجہ اسرائیل اور بھارت کے حوالے سے پالیسی واضح ہے۔ پاکستان اسرائیل سے تعلقات کا خواہاں نہیں ہے۔ سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ فواد چوہدری قوم کو بتائیں کہ زلفی بخاری کوبرطانوی پاسپورٹ پر اسرائیل کس نے بھیجا تھا؟ جس پارٹی کی بنیاد ہی بھارت اور اسرائیل کی فنڈنگ سے ہوئی ہو وہ دوسروں پر منگھڑت الزام لگانے سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ قوم عمران خان سے پوچھتی ہے کہ ان کی حکومت میں ایک وفد اسرائیل کیوں گیا تھا؟ سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ پاکستان کی اسرائیل کے حوالے سے واضح پالیسی ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔ سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ عمران خان نیازی تو مودی کی جیت کی دعائیں کرتا رہا ہے۔ جس جماعت کی جڑوں میں بھارتیوں اور یہودیوں کا چندہ ہو وہ کس منہ سے ہمیں بھاشن دے رہے ہیں۔ سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نانا نے اس ملک کو ایٹمی پروگرام دیا تھا جس کی پاداش میں انہوں نے جان کی قربانی بھی دی۔