نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر ملک کی ہر بچی کو مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچیاں ہمارے مستقبل کی بنیاد ہیں۔ ان کی ترقی کو فروغ دے کر ہم ایک مضبوط اور بہتر معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ ہمیں ان رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا جو بچیوں کے آگے بڑھنے اور انکے خوابوں کی تکمیل میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 1.2 کروڑ بچیاں اسکول سے باہر ہیں۔ صرف 13 فیصد بچیاں نویں جماعت تک پہنچتی ہیں۔ شیری رحمن نے کہا کہ موجودہ رفتار جاری رہی تو ملک کو تمام بچیوں کو اسکول میں داخل کرنے میں کم از کم 50 سال لگیں گے۔ ہمیں فوری طور پر اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہر بچی کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو،۔ انکے بنیادی حقوق کا تحفظ کریں، لڑکیوں کو کم عمری میں شادی پر مجبور نا کریں۔ بچیوں کے حقوق اور انکے خوابوں کی حمایت کریں تاکہ وہ بڑی ہو کر اعتماد کے ساتھ اپنی کمیونٹیوں اور دنیا میں بامعنی کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر ایک ایسا مستقبل تعمیر کر سکتے ہیں جہاں صنفی مساوات محض ایک خواب نہیں بلکہ حقیقت ہو۔