چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبائی حکومت کو بھرپور اور مو ¿ثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے تمام اراکین سندھ اسمبلی اور منتخب بلدیاتی نمائندے رین ایمرجنسی میں اپنا فعال کردار ادا کریں اور پرونشل ڈیزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی سندھ کے بلدیاتی اداروں کے ساتھ مل کر بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ممکنہ برسات کے پانی کی فوری نکاسی کے ساتھ ساتھ انتظامیہ سندھ کے بڑے شہروں میں ٹریفک کے بہتر انتظامات کرے تاکہ شہری اپنی منزل پر فوری پہنچ سکیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سندھ بھر کے شہری ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر غیرضروری طور پر سفر سے گریز کریں۔ سندھ میں ممکنہ تیز برسات کے پیش نظر سہون میں حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کی تقریبات میں آنے والے زائرین کا خصوصی دھیان رکھا جائے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہا کہ جھل مگسی اور خضدار کے پہاڑی سلسلے سے سندھ میں ممکنہ طور پر آنے والے برسات کی پانی کی نکاسی کا پیشگی انتظام کیا جائے۔