سابق صد ر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ بار کے سابق صدر عبدالطیف آفریدی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید عبدالطیف آفریدی کا قتل انتہائی افسوسناک ہے۔ عبدالطیف آفریدی شہید نے جمہوریت کی بحالی اور آئین کی حکمرانی کے لئے ناقابل فراموش جدوجہد کی۔ وہ جمہوریت پسند انسان تھے اور شدت پسندی کے سخت مخالف تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہید عبدالطیف آفریدی دہشتگردوں اور شدت پسندوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن عبدالطیف آفریدی کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سابق صدر نے آفریدی شہید کے خاندان اور خیبرپختونخوا کے عوام سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔