سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا تھرمیں عظیم الشان جلسہ کرنے پر تھر کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ میڈیا آفس اسلام آباد سے جاری ہونے والے ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شاندار استقبال کرکے تھر کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے عوام اپنی بہن محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو نہیں بھولے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اقتدار کے لئے اتحادوں کا سہارا لیتے ہیں مگر ہمارے لئے عوام ہی کافی ہیں۔ پیپلزپارٹی کے خلاف ماضی میں بھی اتحاد بنائے گئے تھے۔ ایسے اتحادوں کی ہمیں کوئی پرواہ نہیں ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کا فلسفہ کہ عوام کے قدموں میں سیاسی جنت ہے، ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اہم انتخابات میں پیپلزپارٹی ساحل سمندر سے لے کر خیبرپختونخوا تک کامیابی حاصل کرے گی۔