پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 9 مئی کو ملکی تاریخ کا ایک اور سیاہ دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے گھر، جناح ہاوَس، اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ 9 مئی کے واقعات ملک میں انارکی پھیلانے اور فسطائیت مسلط کرنے کی گہنونی سازش تھے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سب کو پتا ہے کہ 9 مئی کے قابلِ مذمت واقعات کس کے اکسانے اور کس کی ایماء پر کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 9 مئی کے واقعات پر ‘مٹی پاوَ’ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کسی سیاسی جماعت کی جانب سے ایسے اقدام کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے خفیہ دستاویزات کو لیک کرنا اور فوجی تنصیبات پر حملے کرنا سیاست نہیں، ملک دشمنی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی اپنے اس موقف پر قائم ہے کہ 9 مئی واقعات کی چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، لیکن اس کے لیے پی ٹی آئی سمیت تمام پارٹیوں کو یہ یقین دہانی کرانا ہوگی کہ جوڈیشل کمیشن کا جو بھی فیصلہ ہوگا اسے تسلیم کیا جائے گا۔