چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کا اجلاس پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما مسز فریال تالپور کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سید خورشید احمد شاہ، محمد علی شاہ باچا، شجاع خان اور فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کی ہدایت پر فدا محمد خان اور قیضار خان میاں خیل پارٹی مفادات کی خاطر سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ فدا محمد خان پارٹی کی طرف سے جنرل نشست اور قیضار خان میاں خیل ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیدوار تھے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق طلحہ محمودسینیٹ میں جنرل نشست پر امیدوار ہوں گے جبکہ روبینہ خالد خواتین نشست پر امیدوار ہوں گی۔