سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے بیرسٹر گوہر کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں شہید قائد عوام ذوالفقار علی کے حوالے سے پاس کی گئی قرارداد پر گوہر کا موقف شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کی خود پی ٹی آئی کے اندر دو ٹکے جتنی بھی عزت نہیں ہے ۔ بونے لوگ اپنی قد بڑھانے کیلئے ایسی حرکتیں کرتے ہیں جیسی آج بیرسٹر گوہر نے کی ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کی سزا دینے والے جج نے خود اعتراف کیا کہ جناب بھٹو کو دی گئی سزا غلط تھی۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو تاریخ ہیرو قرار دے چکی ہے اور شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کو قتل کرنے والوں کو تاریخ نے کوڑا دان میں پھینک دیا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 9 مئی کے مجرم اب شہید ذوالفقار علی بھٹو کے قاتلوں کے پیروکار بن کر سامنے آئے ہیں ۔