یئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میں چین کی ناظم الامور پانگ چن شوئے نے دفتر وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان میں چین کی ناظم الامور پانگ چن شوئے نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے کی مبارک باد دی۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور چین کی ناظم الامور پانگ چن شوئے کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاک چین دوستی دنیا میں پائیدار اور مسلسل تعلقات کی ایک لازوال مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ خطے میں تجارتی عمل کو فروغ دے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دنیا کے تمام ممالک سے تجارتی تعلقات میں اضافے کا خواہاں ہے۔ اس کے علاوہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے بھی دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کی مبارک باد دی۔ اس ملاقات کے دوران وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں مزید وسعت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات تاریخی طور پر مستحکم اور مضبوط رہے ہیں اور ہم ان تعلقات کو باہمی مفاد میں آگے لیکر جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ مل کر معاشی اور تجارتی تعلقات کو مشترکہ مفادات کے حصول کے لیئے مزید ترقی دینگے۔