وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا دوبارہ پاور میں آنا بلی کو خواب میں چھچھڑے کے مترادف ہے۔ انہوں نے عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب آپ دوبارہ اقتدار میں آکر کریں گے کیا؟ آپ قوم کو مزید گمراہ نہیں کر سکتے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قوم نے عمران خان کی قانون کی حکمرانی اس وقت دیکھ لی تھی جب ان کے مالی سہولت کار اور لاڈلے وزیر سواتی نے غریب مزدوروں جن میں خواتین بھی شامل تھیں پر وحشیانہ تشدد کرنے کے بعد گرفتار کروانا چاہا مگر آئی جی اسلام آباد نے انکار کیا تو ان کا تبادلہ کر دیا گیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کی ایمنسٹی اسکیم علیمہ، گوگی سمیت مالی سہولت کاروں کے لئے تھی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ عمران خان نے توشہ خانہ کو نیلم گھر سمجھ کر لوٹا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیلاب متاثرین کے 15ارب روپے اپنی سیاسی مہم جوئی پر خرچ کر دئیے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات ہوں گے اور ضرور ہوں گے مگر اپنے وقت پر اور بارش اور سیلاب کے متاثرین کی بحالی کے بعد۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان جب انتخابی مہم میں عوام کے سامنے آئیں گے تو سیلاب متاثرین انہیں پتھر ماریں گے۔