اسلام آباد (10 اگست 2022)
 سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 1973ءکا آئین تمام شہریوں کو بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اس لئے انہیں غیر مسلم شہری کہا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے میں غیرمسلم شخصیات نے بھی قائداعظم کا ساتھ دیا تھا۔ سابق صدر نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے غیر مسلم شہریوں کے سیاسی، سماجی، معاشی اور جمہوری حقوق کا دفاع کیا تھا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان غیر مسلم شہریوں کے لئے بھی محفوظ ملک ہے اور ان کا بھی ملک پر اتنا ہی حق ہے جتنا باقی شہریوں کا ہے۔ آصف علی زرداری نے غیرمسلم شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوںکی تعلیم پر توجہ دیں تاکہ وہ بھی ملک کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ سابق صدر نے کہا کہ دین اسلام مذہبی آزادی کے احترام کا درس دیتا ہے۔ 1973ءکا آئین بھی مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک میں بسنے والے تمام شہریوں کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان مضبوط ہوگا اور ریاست کے تمام شہریوں سے سیاسی، سماجی انصاف کا عظیم معاشرہ قائم ہوگا۔