وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ برطانیہ کی طرف سے پاکستان کو ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکالنا پاکستان کی بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی محنت اور کامیابی کے ثمرات ملک اور قوم کو ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ایف ا ے ٹی ایف کی طرف سے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا گیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی عالمی ساکھ برقرار ہو چکی ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور صدر آصف علی زرداری کی سحر انگیز شخصیت نے دنیا کے ممالک کو پاکستان دوست ممالک بنایااب وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کو پاکستان کا دوست بنانے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے عالمی سطح تک پاکستان کی کامیابیوں پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر تنہائی سے نکل چکا ہے۔