پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے نام پر پاکستان پیپلزپارٹی کے تحفظات کی خبر غلط ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے نگران وزیراعظم کا نام تجویز کرنے کا اختیار میں شہباز شریف کو دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی پوری توجہ آئندہ ہونے والے عام انتخابات پر ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی آئین اور قانون کے تحت عام انتخابات چاہتی ہے ۔ دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے نگران وزیراعظم کی تعیناتی پر پاکستان پیپلزپارٹی کا موقف بیان کرتے سینیٹر انوارالحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تعیناتی کا خیرمقدم کیا ہے۔ میڈیا آفس سے جاری ہونے والے بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے نگران وزیراعظم کی تعیناتی وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر کے آئینی کردار کے مطابق ادا کرنے کو فوقیت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو نگران وزیراعظم کا نام تجویز کرنے کا اختیار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل پاکستان کے استحکام اور معاشی ترقی کے لئے امید کرتے ہیں کہ وہ آزاد اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی نگرانی میں الیکشن کمیشن سے آزاد اور خودمختار شفاف انتخابات کے انتعقاد کی توقع ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہر آئینی اور جمہوری عمل کی حامی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر انوارالحق کاکڑاچھے جمہوریت پسند سیاستدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاستدانوں کو نگران وزیراعظم نہیں بنایا جاتا تھا۔ ہمارا مطالبہ یہی ہے کہ سیاستدان ہی نگران وزیراعظم ہو۔