پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے متحدہ کے رہنماﺅں کی تقاریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ کے اٹھارہویں آئینی ترامیم پر خیالات سے بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ متحدہ ایک کٹھ پتلی ہے جو صرف اشاروں پر ناچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترامیم وفاق اور تمام اکائیوں کے درمیان میثاق ہے۔ کراچی کو لوٹ کر اربوں روپے لندن بھیجنے والے ابھی بھائی کے مال پر لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ نے دہشت کی بنیادی پر کراچی کے شہریوں کو یرغمال بنا کر رکھا تھا۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی عوامی پذیرائی اور آئندہ انتخابات میں متوقع فتح پر مخالفین مایوسی اور خوف کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ کراچی کی میئرشپ حاصل کرنے والی متحدہ نے کراچی کے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی جبکہ 15سالوں میں پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے کراچی کے ہر علاقے کی بلاتفریق خدمت کی ہے۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے کراچی شہر میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں۔ پیپلزپارٹی چور دروازے سے نہیں بلکہ عوامی طاقت سے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ متحدہ جتنے بھی جتن کر لے کراچی کے عوام آئندہ انتخابات میں ان کو مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ صرف مال غنیمت لوٹنے کے چکر میں ہے جو ان کو اب لوٹنے نہیں دیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی کراچی کے عوام کے حقوق کی محافظ ہے اور اس کے دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔