پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر کے صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت آزاد و خودمختار پریس کی حمایت کرتی ہے، جس کا جمہوری عمل کے فروغ میں کلیدی کردار ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاو ¿س کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آزادیِ صحافت نہ صرف جمہوریت کی بنیاد ہے بلکہ شفافیت، احتساب اور معاشرے میں متنوع خیالات کے پھیلاو ¿ کے لیے بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بنیادی حق کا تحفظ اور اس کی پاسداری ہر جمہوری حکومت اور پارٹی کی ذمہ داری ہونی چاہئے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تاریخی طور پریس نے پاکستان میں ایک واچ ڈاگ کے طور پر کام کیا ہے، ناانصافیوں کو بے نقاب، بدعنوانی کی نشاندھی اور پسماندہ طبقات کی آواز کو اٹھایا ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو درپیش سینسرشپ، جعلی خبروں اور تشدد جیسے چیلنجز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی رپورٹنگ میں صحافتی اقدار، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ اصولوں کی پاسداری کو برقرار رکھیں۔ پی پی پی چیئرمین نے جمہوریت اور آزادی کے اصولوں پر مبنی آزادی صحافت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور 1973 ءکے آئین میں آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت کی ضمانت کو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی لیگیسی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام کی قیادت میں ہونے والی اصلاحات نے میڈیا کی پالیسیوں کو لبرل بنایا اور زیادہ سے زیادہ آزادی کو فروغ دیا۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بطور وزیر اعظم آزادی صحافت کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سنسرشپ کے کالے قوانین کا خاتمہ کیا اور آزاد میڈیا کی ترقی کی بھرپور حمایت کی۔ شہید بی بی نے عالمی سطح پر بھی آزادی صحافت اور انسانی حقوق کی حمایت کی، جمہوری حکمرانی میں ان کی اہمیت کو اجاگر کیا اور آمرانہ حکومتوں کے دوران پاکستان میں آزادی صحافت اور انسانی حقوق کے لیے بین الاقوامی حمایت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے 18 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئین میں ‘جاننے کا حق’ شامل کرکے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وڑن اور رہنما اصولوں کی پیروی کی۔ پی پی پی چیئرمین نے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر اور غزہ جیسے علاقوں میں کام کرنے والے صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور سنگین خطرات کے باوجود انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹنگ میں ان کی جراتمندانہ کردار کو سراہا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ آئیے ہم آزادی صحافت کی مشعل کو آگے بڑھائیں، احتساب کے راستوں کو روشن کریں اور مکالمے کو فروغ دیں۔ آئیے اپنی غیر متزلزل حمایت کے ذریعے صحافیوں کو بااختیار بنائیں کہ وہ بے خوف ہو کر سچائی کے راستوں پر سفر کر سکیں اور سب کے لیے ایک روشن مستقبل کی تشکیل کریں۔