پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان کہا ہے کہ آج سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے پارلیمنٹ میں شورشرابا کرکے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر مسخ کرنے کی کوشش کی۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے آج پارلیمنٹ میں شورشرابہ کرکے ثابت کردیا کہ انتشار ان کا منشور ہے، دنیا بھر کے سفارت کاروں کے سامنے سنی اتحاد کونسل نے پارلیمان کو تماشہ بنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ہلڑبازی کی شرمناک حرکت پر سنی اتحاد کونسل پاکستان کے عوام سے معافی مانگے۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ایک جانب صدر زرداری پارلیمنٹ میں مفاہمت کا پیغام دے رہے تھے اور دوسری جانب سنی اتحاد کونسل نفرت اور تقسیم کا پرچار کررہی تھی۔