اسلام آباد( 26 جولائی 2022)
وفاقی وزیر برائے محکمہ تخفیف غربت اور سماجی تحفظ اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی اطلاعات سیکریٹری شازیہ عطا مری نے آج اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی رولنگ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روح کے مطابق ہے اور پارٹی قائد ہی پارلیمانی پارٹی کی منظوری دیتا ہے جبکہ سپریم کورٹ کی فل یا لارجر بینچ بنانے کی درخواست ہمارا قانونی حق ہے۔ وفاقی وزیر شازیہ مری کا کہنا تھا کہ قاسم سوری کی غیر آئینی اور غیر قانونی رولنگ پر بھی 5 ججز نے فیصلہ سنایا تھا، پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی سیاست گالی ،دھمکی اور دباو ¿ ڈالنے تک ہے اور انکے چار معاشی ماہرین نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی کا شکار کر دیا تھا اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دن رات محنت کرکے ملک کو عالمی تنہائی سے نکالا۔ شازیہ مری نے پی ٹی آئی سربراہ پر تنقید کرتے کہنا تھا کہ عمران خان کے اقتدار میں ملک عملی طور ڈیفالٹ ہو چکا تھا، اسکی نااہلی کی وجہ سے ملک کو سری لنکا جیسا خطرہ ہو سکتا تھا۔ مزید کہا کہ پی ٹی آئی نےنہ صرف قوم کو اندھیرے میں رکھ کرمعاہدے کیئے بلکہ مالیاتی اداروں کو بھی دھوکا دیا اوروقت بتائے گا کہ عمران خان کا اصل ایجنڈا صرف تباہی کرنا تھا۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ 11 سو ارب کے این آر او کی بات نئی طوطا کہانی ہے اور عمران خان نے صرف ایل این جی کی خریداری پر قومی خزانے سے ساڑھے 6 سو ارب روپے لوٹے تھے اور عمران نیازی کے مالی سہولت کاروں نے بھی زرعی کھاد کا بحران پیدا کرکے لوٹ مار کی۔