پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے شہید کارکن شہید عبدالرزاق جھرنا کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ شہید عبدالرزاق جھرنا کو ضیائ کی آمریت میں 7 مئی 1984 کو لاہور میں پھانسی دی گئی تھی۔ بہادری اور حوصلے کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوئے، شہید عبدالرزاق جھرنا رقص کرتا ہوا پھانسی گھاٹ میں داخل ہوا تھا اور جیئے بھٹو کے نعرے لگاتے ہوئے پھانسی کا پھندا اپنے گلے میں ڈالا تھا۔ میڈیا سیل بلاول ہاو ¿س سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ ظلم و جبر کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید عبدالرزاق جھرنا نے جمہوریت، مساوات، سماجی اصولوں پر مبنی تحریک، پاکستان پیپلز پارٹی، کے حقیقی جوہر کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید عبدالرزاق جھرنا کی قربانی ان لاتعداد بہادر مرد و خواتین کارکنان کی قربانیوں کی یاد دلاتی ہے جنہوں نے جمہوریت اور عوام کے حقوق کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کردیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید عبدالرزاق جھرنا کی یاد پاکستان کے روشن و منصفانہ مستقبل کی جانب پیشقدمی کرتے ہوئے ہمارے لیے ایک پائیدار تحریک کا کردار ادا کرتی رہے گی۔