پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ندیم افضل چن نے فرمائشی سروے جس میں نواز شریف کے مقبول ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جعلی سروے ووٹروں پر اثرانداز ہونے کا حربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختارا ہوشیار، جعلی سروے والوں سے ہوشیار۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر اتنے ہی مقبول تھے تو دیگر سیاسی پارٹیوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی منتیں کیوں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پیسے دے کر ایسا ہی سروے کروا کر مختارا بھی مقبولیت کا سرٹیفکیٹ لے سکتا ہے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ ایسے بھوت سروے کا حربہ ایسے لوگ اختیار کرتے ہیں جن کو شکست کا سامنا ہوتا ہے۔ کرائے کا سروے عوامی مقبولیت کا پیمانہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری کو سارے جعلی سروے ٹکے من بھی نہیں بکیں گے۔ ندیم افضل چن نے خبردار کیا کہ دولت کے بل بوتے پر سروے کرا کے انتخابات میں دھاندلی کروانے کے خواب دیکھنے والوں کو خبردار کیا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے ووٹروں کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔