پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے کراچی سے جو بھی وعدے کئے وہ برف پر لکھی تحریر ثابت ہوئے۔ و ہ جب بھی کراچی آتے کراچی کے لئے منصوبوں کا اعلان کرتے مگر وہ منصوبے جھوٹے اعلامیے ہی رہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل ملز کو بند کرنا نواز شریف کا خواب تھا کیونکہ ان سے اتفاق فائنڈری کو نقصان ہورہا تھا۔ نواز شریف نے اسٹیل ملز کو بند کرکے ہزاروں محنت کشوں کو بیروزگار کیا۔ اب پی آئی اے کو نجکاری کی آڑ میں کوڑیوں کے مول خریدنا چاہتا ہے۔ دراصل نواز شریف کی نظر روز ویلٹ ہوٹل اور سینکڑوں ارب کے اثاثوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرور خان کو نون لیگ کا ٹکٹ دینے سے بلی تھیلے سے باہر نکل آئی ہے کیونکہ سرور خان نے پی آئی اے کا دشمن بن کر اس کے خلاف گھناﺅنی مہم چلائی۔ وقار مہدی نے کہا کہ نواز شریف اس ملک کے اشرافیہ کا ایجنٹ ہے ان کی پارٹی غریبوں کے لئے دو دھاری تلوار ہے۔ وقار مہدی نے کہا کہ نواز شریف نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مناظرے کو قبول کرنے کی بجائے راہِ فرار اختیار کر لی ہے۔