لاہور/اسلام آباد/کراچی (10 جنوری 2024)
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حلقہ NA-127 لاہور کے پارٹی کارکنوں کے ساتھ ایک عشائیے میں شرکت کے بعد ان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب لاہور میں پارٹی کی تنظیم اور کارکنوں سے تعارف کے مقصد کے لئے منعقد کی گئی تاکہ لوگوں کو پتہ چل سکے کہ ہم انتخابات لڑنے کے لئے تیار ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا بہت سنا تھا کہ لاہور میں پی ایم ایل(ن) کا بہت زور ہے مگر وہ کہیں بھی نظر نہیں آرہی۔ کسی کو نہیں پتہ کے ان کے امیدوار کون ہیں۔ یہ بھی کہا جاتا تھا کہ پی ٹی آئی کا لاہور میں اثرو رسوخ ہے لیکن ایسا معلوم بالکل نہیںہوتا۔ یہ بات بالکل واضح ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی وہ واحد پارٹی ہے جو لاہور میں انتخابات لڑنے کے لئے تیار ہے۔ اس حلقے کے لئے جس ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے وہ عوام کی آواز بننے اور ان کی نمائندگی کرنے کے لئے دن رات کام کرے گی۔ ہم اس حلقے کے عوام کی نمائندگی قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں کریں گے۔ ہم نہ صرف لاہور کے عوام کی نمائندگی پاکستان بلکہ دنیا بھر میں کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا وہ بہت عرصے سے مصباح الرحمن میں انتخاب لڑنے کا کہہ رہے تھے اور اب وہ حلقہ PP-160 انتخاب لڑنے کے لئے تیار ہوگئے ہیں۔ حلقہ POP-161 سے فیصل میر پارٹی کے امیدوار ہیں۔ منظر عباس کھوکھرجنہوں نے پی ایم ایل(ن) چھوڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے وہ حلقہ PP-162 سے ہمارے امیدوار ہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر جناب بھٹی صاحب کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور وہ حلقہ PP-163 سے پارٹی کے امیدوار ہیں۔ حلقہ PP-157 سے گھرکی صاحب پارٹی کے امیدوار ہیں اور یہ حلقہ NA-127 میں پارٹی کا پینل ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا وہ پراعتماد ہیں کہ پارٹی کے اتحاد اور یکجہتی کے پیغام پر عمل کروانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ہم نے پارٹی کے اندر بھی اختلافات ختم کرکے پارٹی کا جھنڈا اٹھانا ہے اور تیر پر مہر لگا کر یہ ثابت کرنا ہے کہ لاہور پہلے بھی بھٹو کا تھا ابھی بھی بھٹو کا اور آئندہ بھی بھٹو کا رہے گا۔ ہم وہ لوگ نہیں ہیں جنہیں آسانی سے ڈرا دیا جائے۔ ہم نے پہلے بھی کبھی کسی ظالم کے سامنے سر نہیں جھکایا ہے اور ہم ہمیشہ پاکستان کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ پارٹی کے کارکنوں کو ہر گھر جا کر ہمارا پیغام اور دس نکاتی ایجنڈا سے مطلع کرنا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وعدہ کیا کہ اگر انہیں وزیراعظم کی حیثیت سے عوام کی خدمت کرنے کا موقع ملا تو وہ پانچ سال میں تنخواہیں دوگنی کر دیں گے، 300یونٹ تک بجلی مفت کریں گے اور نوجوانوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس طرح انہوں نے سندھ میں عالمی معیار کی صحت کی مفت سہولت مہیا کی ہے اسی طرح لاہور اور پورے پنجاب اور ملک میں مہیا کریں گے۔ ہم اپنے غریب عوام کے لئے 30 لاکھ گھر بنائیں گے جن کی ملکیت خاتون خانہ کو دی جائے گی۔ ان سب کاموں کے لئے ضروری ہے کہ انتخابات میں تیر پر مہر لگائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن کچی آبادیوں میں جا کر انہیں یہ خوشخبری سنائیں کہ ان آبادیوں کو ریگولرائز کر دیا جائے گا۔ ہم بینظیر انکم پروگرا کو وسعت دیں گے، بینظیر مزدور کارڈ اور بینظیر کسان کارڈ متعارف کروائیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ نوجوانوں کو پی پی پی کے یوتھ کارڈ کے متعلق بتائیں۔ ملک سے بھوک مٹانا ہمارا مقصد ہے جس کے لئے ہم بھوک مٹاﺅ پروگرام شروع کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ وہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کو یقینی بنائیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور روایتی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے۔ ہم ایک نئی طرز کی سیاست متعارف کروانا چاہتے ہیں جس میں ذاتی عناداور انا کی کوئی جگہ نہیں۔ انتخابات 8فروری کو ہوں گے انہوں نے کہا کہ پی ایم ایل(ن) کی عادت ہوگئی ہے کہ انتخابات سے بھاگتے ہیں چاہے وہ بلدیاتی انتخابات ہوں، ضمنی انتخابات ہو یا عا انتخابات ہوں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ پی ایم ایل کو بتائیں کہ عام انتخابات 8فروری کو ہو رہے ہیں اور وہ انتخابات سے نہیں بھاگ سکتی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کامیاب ہوگی اور عوام کی قسمت دل دے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے جیالوں کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔