پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے دو شہید رہنماوَں سید قمر عباس شہید اور شہید ظاہر شاہ کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ سید قمر عباس شہید اور شہید ظاہر شاہ پارٹی کا اثاثہ تھے، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سید قمر عباس شہید نے پشاور اور شہید ظاہر شاہ نے دیر زیریں میں اپنی زندگی کی آخری گھڑی تک پارٹی پرچم کو تھام کر رکھا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے عہدیداران و جیالوں کو اپیل کی کہ وہ آج اپنے دو شہید ساتھیوں کے ایصال ثواب کے لیے دعا کریں۔ میں دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ، سید قمر عباس شہید اور شہید ظاہر شاہ کو اپنے جوار رحمت میں بلند درجات عطا فرمائے۔