پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عراق میں پاکستانی سفارتخانے کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے،زائرین کے مسائل پر عراقی حکومت سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے،نجف اور کربلا میں پاکستان ہاوس کھولنے کا ارادہ ہے،زائرین کی لیئے کراچی سے عراق تک فیری سروس شروع کرنے کا پروگرام ہے،ریڈ لائن عبور نہ کرنے کی باتیں کرنیوالے بتائیں کہ ایئر لائینز تک کا سفر کیسا لگ رہا ہے؟ پیپلز پارٹی کو صوبے کی جماعت کہنے والو دیکھ لو ،پورے ملک سے بڑی تعداد میں لوگ پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں،مصنوعی پارٹی میں شامل مصنوعی رہنما کہاں ہیں؟ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 20لاکھ نئے لوگوں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔ میڈیا کوآرڈینیٹر نذیر ڈھوکی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کشمیر باغ کی عوام نے پیپلز پارٹی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا،پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی قیادت اور جیالے مبارک باد کے مستحق ہیں،جنرل الیکشن میں بھی اس سیٹ پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کو دھاندلی سے ہرایا گیاتھا،پی ٹی آئی کو بھی اس الیکشن میں عوام میں اپنی مقبولیت کا پتا چل گیاہے، بلاول بھٹو زرداری نے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا،بلاول بھٹو زرداری نے پوری دنیا کے سامنے کشمیر پر پاکستان کا موقف سامنے رکھا ،ہواو ¿ں کا رخ تبدیل ہو رہا ہے، جو پیپلز پارٹی کو صرف سندھ کی پارٹی سمجھتے تھے ان کوپتا چل گیا کہ پیپلزپارٹی عوامی پارٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عراق کا اپنا پہلا دورہ کیا ،یہ تین روزہ دورہ کامیاب رہا ،بلاول بھٹو نے دورے کے دوران حکومتی ، مذہبی رہنماوں سے ملاقاتیں کیں،بلاول بھٹو زرداری کی حکومتی افراد کے ساتھ مختلف مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی،زائرین کے ویزے کے مسئلے پر عراقی حکام سے بات چیت ہوئی،عراق میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بات ہوئی،پاکستان اور عراق کا مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا جو خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے،پاکستان اور عراقی وفود کی ملاقاتیں کءکءگھنٹوں تک جاری رہیں جس کی وجہ سے نتائج نکلے،جو عراقی جیلوں میں ہیں ان کے حوالے سے بات چیت ہوئی،عراقی حکومت نے غیر قانونی پاکستانیوں کو ویزے اور دستاویزات پر بات کی، پاکستان نے عراق سے راہ داری پر بات کی جس کے بعد زرعی اجناس عراق بھیجی جائیں گی،مذہبی ٹورازم پر بھی بات ہوئی،آج تک عراق میں پاکستانی سفارتخانہ ایک ہوٹل میں کام کررہا ہے ،آج بھی عراق میں سفارتخانہ کمپیوٹر رائز نہیں ہے، بلاول بھٹو زرداری نے عراق میں پاکستانی سفارتخانہ کا سنگ بنیاد رکھا،نجف میں پاکستان اپنا کونسل خانہ کھولنے جارہا ہے،عراق جانے والے زائرین کے لئے کم ویزا فیس پر بات کی ہے، مستقبل میں پاکستان گوادر سے عراق تک فیری سروس کا اجرا کرنے جارہا ہے ،زائرین کا سفر محفوظ ہوگا اور یہ سروس سستی بھی پڑیگی، جلد عراقی وزیر داخلہ پاکستان کا دورہ کررہےہیں۔۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آصف علی زرداری لاہور میں موجود ہیں، مختلف شخصیات پارٹی میں شریک ہو رہی ہیں،سابق صدر آصف علی زرداری نے معیشت کو بہتر بنانے کے حوالے سے جو تجاویز دیں ان کو تاجر برادری نے سراہا ہے، سابق صدر آصف علی زرداری ساو ¿تھ پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخواہ سمیت تمام صوبوں کے چیمبرز آف کامرس جائیں گے،نئی سیاسی جماعت کا قیام عمل میں آیا ہے،جو کل تک پی ٹی آئی چیئرمین کو ریڈ لائن کہتے تھے،ان سے پوچھا جائے کہ ریڈ لائن سے ائیر لائن کا سفرکیسا رہا ہے؟ یہ لوگ پی ٹی آئی چیئرمین کو اس کی انا، ضد اور تکبر کی وجہ سے چھوڑ گئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پر الزام لگایا گیا کہ ہم نے کشمیر الیکشن میں ٹھپے لگائے ۔ پیپلز پارٹی نے الیکشن میں کبھی بھی ٹھپوں پر یقین نہیں کیا بلکہ ہمارے خلاف ٹھپے لگائے گئے،کشمیر باغ میں ہمارا نمائندہ حلقہ میں بہت مضبوط ہے، اگر ٹھپے لگائے ہیں تو جائیں دوبارہ مقابلہ کرلیں ہم تیار ہیں، زخمی بھی پیپلز پارٹی کے ہوئے حملے بھی پیپلز پارٹی کے کیمپ پر ہوئے اور دھاندلی بھی ہم نے کی ،کشمیر الیکشن میں ہمارے امیدوار نے بڑی لیڈ حاصل کی ہے۔مصنوعی پارٹی کے لوگ خان صاحب کو چھوڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایک نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان ہوا،ہم جمہوری پارٹی کے قیام کے حق میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا سروے جاری ہے،20لاکھ نئے لوگوں نے رجسٹریشن کروائی ہے،دس دن تک 9ہزار روپے کی قسط لوگوں کو مل جائیگی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آ ئی ہے،ہم جمہوری انداز میں مقابلہ کرینگے۔