چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بلاروک ٹوک جاری  بھارتی مظالم کو روکنے اور کشمیر کاز کو آگے بڑھانے کے لیے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں نفرت و تقسیم کی سیاست کا خاتمہ کرکے پوری قوم کو اتحاد و اتفاق کی طاقت میں پِرونا کشمیر کاز کے لیے ناگذیر ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے یومِ یکجہتیِ کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کہ شہ رگ قرار دیا تھا، اور قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے اسی موقف کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہمیں کشمیر کی خاطر ایک ہزار سال جنگ لڑنا پڑی، تو لڑیں گے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہر سال 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا تاریخی فیصلہ کرکے کشمیر کاز کو ناقابلِ تسخیر بنادیا، اب اس اقدام کی گونج دنیا کے ہر کونے میں سنائی دیتی ہے۔ انہوں نے کشمیر کاز کے متعلق اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری بھی وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کشمیر کاز کو آگے بڑھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں دنیا کے ضمیر کو جگاوَں گا کہ وہ کشمیریوں سے کیئے گئے اپنے وعدے پورے کرے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں شہداءِ کشمیر کو خراج عقیدت اور کشمیری عوام کو انسانی تاریخ کے بدترین مظالم کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے حقِ آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے پر سلام پیش کیا ہے۔