پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں نئی سوچ کو چ ±ننے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں جیت کے بعد میں نفرت اورتقسیم کی اس سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کردوں گا، جو ملک، وفاق اور معیشت کو نقصان پہنچاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس لیے سندھ میں اپنی الیکشن مہم نہیں چلا رہے کیوںکہ انہوں نے اِس صوبہ کے عوام کے لیئے کچھ بھی نہیں کیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا کہ آنے والی پی پی پی حکومت عوام کو سفر کی معیاری و کم خرچ سہولیات کی فراہمی کے لیے کراچی سے تھرپارکر تک پٹڑی بچھا کر ٹرین کا تحفہ دے گی۔میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین اپنی الیکشن مہم کے حوالے سے بروز ہفتہ ضلع تھرپارکر کے شہر چھاچھرو پہنچے، جہاں انہوں نے عوام کے ایک عظیم الشان جلسہ عام کو خطاب کیا۔ انہوں نے جلسہ میں عوام کی بھرپور شرکت پر اپنے خطاب میں کہا کہ چھاچھرو اور تھرپارکر کے عوام نے 8 فروری سے پہلے ہی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی اور عوام کا رشتہ سیاست کا رشتہ نہیں ہے۔ یہ محبت کا رشتہ ہے، زندگی بھر ساتھ رہیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک شخص خود کو ملک پر چوتھی بار وزیراعظم مسلط کروانا چاہتا ہے اور وہ شخص اتنی غلط بیانی کرتا ہے کہ کہتا ہے کہ تھرکول کا منصوبہ ا ±س نے بنایا تھا۔ میں چھاچھرو کی عوام سے پوچھتا ہوں کہ تھرکول منصوبہ کس نے بنایا تھا؟ ا ±س کے جواب میں عوام نے فلک شگاف جواب میں کہا: بینظیر، بینظیر۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کی عوام کو معاشی فائدہ پہنچانے کے لیے تھرکول منصوبہ بنایا گیا تھا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ تھرپارکر ضلع میں واقع کارونجھر پہاڑ کو اشرافیہ کے ہاتھوں نقصان پہنچانے نہیں دیں گے۔ جو ہاتھ کارونجھر کی طرف بڑھیں گے، میں وہ ہاتھ کاٹ دوں گا۔ یہاں اگر کاروبار کرنے کا کسی کا حق ہے، تو وہ سب سے پہلے مقامی لوگوں کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اِس وقت میں وہ واحد سیاستدان ہوں جو عوام سے ووٹ مانگ رہا ہوں، جبکہ دیگر سیاستدان دائیں بائیں دیکھ رہے ہیں۔ میرے ساتھ اور کوئی نہیں ہے، میرے ساتھ صرف آپ کھڑے ہو۔ اگر آپ آج کی طرح 8 فروری کو بھی بڑی تعداد میں باہر نکلے، تو دنیا کی کوئی طاقت مجھے روک نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین چاہتے ہیں کہ کراچی میں بھی ان کی کٹھ پتلی حکومت ہو تاکہ وہ یہاں کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ مار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ستارے کے نشان پر الیکشن لڑنے والے شیر کے نشان پر لڑنے والوں کے سہولتکار ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو لاہور کی خدمت کریں گے، رائیونڈ کی خدمت کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کے سب سے بڑی تین مسئلے، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری ہے۔ ہمارا الیکشن منشور ایک عوامی معاشی معاہدہ ہے۔ انہوں نے شرکائ کو بتایا کہ ان کے انتخابی منشور کو انگریزی اور اردو کے ساتھ ساتھ سندھی، سرائیکی، بلوچی اور پشتو میں بھی ترجمہ کیا گیا ہے، تاکہ عوام آسانی سے اپنی اپنی مادری زبانوں میں بھی اس کو پڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجھے وفاقی حکومت مِلی تو میں نہ صرف عوام کی آمدنی میں اضافہ کروں گا، بلکہ دوگنا کروں گا۔ شمسی بجلی کے 300 یونٹ مفت فراہم کیئے جائیں گے۔ 30 لاکھ گھر تعمیر کرکے ان کے مالکانہ حقوق ان گھروں کی خواتین کو دیئے جائیں گے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ اور خواتین کو کاروبار کے لیے بلاسود قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ کسانوں، مزدوروں اور نوجوانوں کی مالی معاونت کے لیے بینظیر کسان کارڈ، بینظیر مزدور کارڈ اور بینظیر یوتھ کارڈ پروگرام شروع کیا جائے گا۔ ہر ضلع میں کم از کم ایک یونیورسٹی قائم کی جائے گی، جبکہ علاج معالجہ کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی اور اس حوالے سے این آئی سی وی ڈی، ایس آئی یو ٹی اور گمبٹ انسٹیٹیوٹ جیسی اسپتالوں کا جال بچھاکر صحتِ عامہ کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ ہم بھوک مٹاوَ پروگرام شروع کریں گے، اور پرائمری اسکول کے بچوں کو کم از کم ایک وقت کا کھانا فراہم کریں گے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت عوام کی بلاتفریق خدمت میں یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے تھرپارکر کے عوام کو اپیل کی کہ وہ 8 فروری کو پی پی پی امیدواروں ڈاکٹر مہیش ملانی، فقیر شیر محمد بلالانی، امیر علی شاہ جیلانی، دوست محمد راہموں، قاسم سراج سومرو اور ارباب لطف اللہ کو بھرپور حمایت سے کامیاب کریں۔ انہوں نے مذکورہ امیدواروں سے بھی حلف لیا کہ وہ الیکشن میں کامیابی کے بعد عوام کی بلاتفریق خدمت کریں گے۔