اسلام آباد(یکم جولائی 2022)
پاکستان پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے کہا ہے کہ ای سی پی کی جانب سے صوبائی اور قومی اسمبلی کے حلقوں کی تازہ ترین حد بندیوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ میں چند دنوں کی توسیع کی جائے۔ سیکریٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 30جون کو اپیل دائر کرنے کے لئے متعدد اپیل کنندگان نے صوبائی الیکشن کمشنرز کے دفاتر سے رجوع کیا لیکن انہیں کہا گیا کہ ذاتی طور پرپیش ہو کر یہ اپیلیں اسلام آباد میں ای سی پی کے دفتر میں دائر کریں۔ ان کی اپیلیں متعلقہ دستاویزات کے ساتھ تیار ہیں لیکن سفری اور دیگر مسائل کی وجہ سے اپیل دائر کرنے کے مختصر نوٹس پر وہ اپیل کنندہ آخری روز اسلام آباد نہیں جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آخری تاریک میں چند روز کی توسیع سے تمام اپیل کنندگان حدبندیوں کے خلاف اسلام آباد میں ای سی پی کے سامنے پیش ہو کر اپنی اپیلیں دائر کر سکیں گے۔