اسلام آباد (یکم جولائی 2022)
پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سنیٹر پلوشہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان بند کمرے میں بیٹھ کر ایک عدد کیمرہ کے سامنے پریس کانفرنس کرنے کی بجائے صحافیوں کے سامنے پریس کانفرنس کریں ۔ عوام کو بھاشن دینے کی بجائے میڈیا کا سامنا کریں اور ان کے سوالات کا جواب دیں۔ میڈیا آفس سے جاری ہونے والے بیان میں سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ ملکی معیشت اور خارجہ امور کو تباہ کرنے کے بعد عمران خان میڈیا سے چھپ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے واحد وزیراعظم رہے ہیں جنہوں نے دوست ممالک کے حکمرانوں کی طرف سے ملنے والے تحائف بازار میں بیچ کر ملک کی جگ ہنسائی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے تحائف ان کے باپ کا مال نہیں تھا بلکہ یہ ملکی امانت تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ نیب اب عمران خان کے خلاف توشہ خانہ لوٹنے پر ریفرنس کیوں نہیں بھیجتا؟