پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شمالی وزیرستان میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے دہشتگردانہ حملے میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور اہلکار کی شہادت پر افسوس اور شہید کے اہلخانہ سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ متعلقہ حکام حملے میں ملوث دہشتگردوں کو جلد قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین سے پولیو وائرس کے ساتھ ساتھ انسدادِ پولیو مہم کے خلاف سرگرم عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔