پاکستان پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ کی جانب سے ملک میں مقررہ تاریخ 8 فروری پر عام انتخابات کو یقینی بنانے کے حوالے سے گذشتہ روز اٹھائے گئے اقدام کی ستائش کی ہے اور اعلان کیا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی پارٹی کی الیکشن مہم کا آغاز 27 دسمبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت کے موقعے پر منعقد عظیم الشان جلسہ عام سے کریں گے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماوَں سینیٹر شیری رحمان، شازیہ عطا مری، شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، مکیش کمار چاولہ اور سریندر ولاسائی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی کا ایک اہم ہائبرڈ اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ قیادت آج (بروز ہفتہ) بلاول ہاوَس کراچی میں منعقد ہوا۔ شیری رحمان نے پریس کانفرنس کو بتایا کہ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملک میں عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کے لیے ان کے حالیہ کامیاب عوامی رابطہ مہم کے ذریعے دباوَ پیدا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی الیکشن مہم کے دوران چاروں صوبوں کا دورہ کریں گے اور عوام کو متحرک کریں گے۔ پی پی پی پارلیامینرین کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ عطا مری کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈیول جاری ہونے کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے اور اپنا آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دینے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی تاحال ملک کی واحد جماعت ہے جس نے اپنی تنظیم کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا ہے، جو الیکشن کے متعلق اس کی سنجیدگی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے، الیکشن میں یقین رکھتی ہے اور یہ ملک کی واحد جماعت ہے جو الیکشن موڈ میں ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ یہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے عوام کو پیغام ہے کہ وہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے 8 فروری کو ہونے والی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخاب کریں۔ جو ترقی سندھ میں ہوئی ہے، اسے پورے ملک میں پھیلانے کا یہ ہی موقع ہے۔ عوام اپنے ووٹ کا درست استعمال کریں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری وہ واحد لیڈر تھے، جو ملک میں الیکشن مقرر وقت پر کروانے کے لیے مسلسل آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ کچھ جماعتیں الیکشن ملتوی کرانے کے لیے عدالتوں سے رجوع کر رہی تھیں تو کچھ جماعتوں کے طرز عمل سے واضح تھا کہ وہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نفرت اور تقسیم کی سیاست کے بجائے پورے ملک اور ہر طبقے کو جوڑنے کی بات کر رہے ہیں۔ دریں اثنائ ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ہونے والے اہم اجلاس میں پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور، سید یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان، شازیہ مری، فیصل کریم کنڈی، نثار احمد کھوڑو، مراد علی شاہ، خورشید احمد شاہ، قمر زمان کائرہ، نواب ثنااللہ زہری، مخدوم احمد محمود، محمد علی شاہ باچہ، منظور وسان، حسن مرتضی، روزی خان کاکڑ، ناصر شاہ، صغیر قریشی، ندیم افضل چن، شرجیل انعام میمن اور مکیش چاولہ نے شرکت کی۔اجلاس میں عام انتخابات کے شیڈول اور انتخابی مہم کے حوالے سے حکمت عملی، الیکشن منشور اور عوامی رابطہ مہم پر تبادلہ خیال گیا۔