اسلام آباد (یکم اگست 2022)
 پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ راز بھی فاش ہوگیا ہے کہ عمران خان عارف نقوی کے بزنس پارٹنر ہیں۔ ملک میں رہتے ہیں تو جیل جائیں گے، بیرون ملک جائیں گے تو بھی جیل جائیں گے۔ ملک کا مہا سازشی اپنے خلاف سازش کا رونا رو رہا ہے۔ باقی ان کی وہی تقریر تھی جو 2018ءسے کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو چیلنج کیا اور پھر اقتدار سے نکالا۔ ہم نے دن کی روشنی میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کی تو عمران خان عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کرنے کی بجائے رات کی تاریکی میں اقتدار چھوڑ کر چور کی طرح بھاگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار میں لانے والے بھی ان کی نالائقیوں سے پشیمان تھے کیونکہ عمران خان نے ملک کا وہ حشر کیا جو پاگل بیل کانچ کے گھر کا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کا خزانہ خالی، معیشت تباہ اور خارجہ امور برباد کرکے بھاگ گئے۔