سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے دیوالی کے موقع پر پاکستان کی ہندو برادری سمیت دنیا بھر میں دیوالی منانے والوں کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ دیوالی بدی کی شکست نیکی کی فتح کی علامت ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے 1973 کے آئین میں غیر مسلم شہریوں کو مساوی حقوق دیئے ، پاکستان کے آئین میں مذہبی آزادیوں کے حق کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ مذہبی آزادی اور غیر مسلم پاکستانی شہریوں کے حقوق کی وکالت کی۔، آصف علی زرداری نے کہا پاکستان تمام شہریوں کا ملک ہے انہوں نے ہندو برادری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے ہندو برادری اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔