بلاول ہاوَس کراچی کے ترجمان سریندر ولاسائی نے بھارتی جنتا پارٹی (بے جے پی) کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو دہمکیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے ردعمل میں ترجمانِ بلاول ہاوَس نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو دہمکیوں کی پیچھے درحقیقت بذاتِ خود مودی ہے، کیونکہ پی پی پی چیئرمین کے محض ایک بیان نے مودی کو دنیا بھر میں ننگا کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور بے جی پی کو پتا ہونا چاہیے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جیالوں کی ریڈ لائین ہے، جس کی جانب کسی کو بھی اور کسی بھی قیمت پر کراس کرنے نہیں دیا جائے گی۔ ترجمان نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ بے جے پی یہ بھی مت بھولے کہ جیالے دنیا کے کونے کونے میں موجود ہیں، اور اگر اس اشتعال انگیزی پر بلاتاخیر معافی نہیں مانگی گئی، تو مودی کا بھارت سے باہر نکلنا مشکل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی جہاں بھی جائے گا، جیالے اس کا گندے انڈوں سے سواگت کریں گے۔ ترجمانِ بلاول ہاوَس سریندر ولاسائی کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم کی پارٹی کی جانب سے دی گئی دہمکیوں سے ثابت ہوا کہ مودی سرکار سفارتکاری کی میز پر پاکستان کے نوجوان وزیرِ خارجہ سے منطق کا مقابلہ ہار چکی ہے۔