پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے سردار لطیف خان کھوسہ کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی ممبرشپ معطل کر دی ہے۔ پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری ہونے والے ایک اعلامیہ کے مطابق سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی سید نیر حسین بخاری نے ایک ہفتہ قبل سردار لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس دیا تھا تاہم مدت پوری ہونے کے باوجود سردار لطیف کھوسہ نے شوکاز نوٹس کا کوئی جواب نہیں دیا جس کی وجہ سے پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے سردار لطیف کھوسہ کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت معطل کی ہے۔ دریں اثناءسیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی سید نیر حسین بخاری نے پیپلزپارٹی کے تمام صوبائی صدور کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ قومی اور صوبائی اسمبلیوںکے امیدواروں کے حوالے سے سفارشات 15روز کے اندر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے دفتر میں پہنچائیں۔