اسلام آباد(27 ستمبر 2022)
وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان خیبرپختونخوا اور پنجاب میں آوارہ کی طرح پھر رہے ہیں۔ نہیں جاتے تو بارش اور سیلاب کے متاثرین کی طرف نہیں جاتے کیونکہ انہیں غریبوں کے پسینے سے بو آتی ہے اور الرجی ہوتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان نے بارش اور سیلاب متاثرین کے لئے ٹیلی تھون کرکے 14ارب روپے اکٹھے کئے تھے۔ اب ان پیسوں پر سانپ بن کر بیٹھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں، یتیموں، بیواﺅںکے علاج کے لئے خیرات اور صدقات کی رقم میں خردبرد کرکے ہضم کرنا عمران خان کی پرانی عادت ہے۔ اب وہ سیلاب متاثرین کی رقم بھی ڈکارنا چاہتے ہیں مگر یہ پیسہ ان کے باپ کا پیسہ نہیں کہ انہیں ہضم ہونے دیا جائے گا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شوکت خانم ٹرسٹ بنانے اور سیاست میں آنے سے پہلے عمران خان کا کوئی وسیلہ روزگار نہیں تھا۔ پہلے وہ خیرات اور صدقات پر پلتے رہے اب فارن ممنوعہ فنڈنگ پر پل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنی گالہ محل کی تعمیر میں کے پی کے عوام کی خون پسینے کی کمائی چوری کرکے لگائی گئی ہے۔ اب بنی گالہ کا سنسان مکان پرکشش محل بن کر مافیا کے سرغنہ کی پناہ گاہ بن چکا ہے۔