اسلام آباد (23 مئی 2022)
 پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ میں عمران خان کے روس کے دورے کا دفاع کرکے ثابت کیا کہ انہیں ملک کے مفادات عزیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری عالمی دنیا میں پاکستان کی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔ اس کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔ ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے پہلے چین کے دورے میں پاکستان کے ہزاروں ڈاکٹروں جو چین میں زیر تعلیم تھے کا مستقبل محفوظ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عالمی سطح پر پاکستان کو تنہائی کا شکار کر دیا تھا۔ عمران خان کی نالائق پالیسیوں کی وجہ سے دوست ممالک بھی خفا ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت کو کھوکھلی معیشت، تباہ حال خارجہ امور ورثے میں ملے ہیں۔ عمران خان کی زیر قیادت جھوٹوں کے لشکر کو قوم مسترد کر چکی ہے۔